خوراک کا ضیاع روکنا قومی ضرورت بن چکا ، حکومت بچت منصوبوں پر کام کر رہی ہے: وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(رم نیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خوراک کے ضیاع میں کمی سے متعلق آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں خوراک کے مؤثر استعمال اور اس کے ضیاع کو روکنا اب قومی ترجیح بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ خوراک کی بچت، مؤثر تقسیم اور ضیاع میں کمی کے لیے عملی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ مراد علی شاہ نے زور دیا کہ خوراک کا ضیاع براہِ راست غریب اور محروم طبقات کو متاثر کرتا ہے، اس لیے اس مسئلے کے حل کے لیے اجتماعی سطح پر سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ "پاکستان جیسے زرعی ملک میں خوراک کا ضیاع ناقابلِ قبول ہے۔ یہ نہ صرف عوامی فلاح بلکہ ملکی معیشت اور ماحول کے تحفظ کا بھی مسئلہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے ہدف 12.3 کے حصول کے لیے پرعزم ہے، جس کا مقصد خوراک کے ضیاع میں نمایاں کمی لانا ہے۔مراد علی شاہ کے مطابق خوراک کے ضیاع سے زمین، پانی اور انسانی محنت جیسے قیمتی وسائل ضائع ہوتے ہیں، اور حکومت سندھ اس مسئلے کے حل کے لیے پائیدار زرعی ٹیکنالوجی اور بہتر انتظامی نظام متعارف کروا رہی ہے۔

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ خوراک کا بچاؤ درحقیقت انسانیت کا بچاؤ ہے۔