اسلام آباد (رم نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایف بی آر کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مقررہ تاریخ 30 ستمبر 2025ء تک ریٹرن جمع کرانا لازمی ہے۔ تاہم شدید مجبوری کی صورت میں کمیٹی کی منظوری کے بعد زیادہ سے زیادہ 15 روز کی توسیع دی جا سکتی ہے، بشرطیکہ واجب الادا ٹیکس مقررہ تاریخ تک ادا کر دیا جائے۔
اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ ایف بی آر کا آئی آر ایس (IRS) سسٹم سست روی کا شکار ہے۔ ترجمان کے مطابق آئی آر ایس پلیٹ فارم مکمل طور پر فعال ہے اور نیا، سادہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم استعمال کرتے ہوئے باآسانی ریٹرن جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ آخری تاریخ کے بعد ریٹرن فائل کرنے والوں کو ’لیٹ فائلر‘ تصور کیا جائے گا اور انہیں قانون کے تحت جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔