حکومتِ پاکستان نے سیلاب متاثرین کے لیے آئی ایم ایف سے وزیراعظم پیکج کی درخواست کر دی

اسلام آباد(رم نیوز)حکومتِ پاکستان نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے وزیراعظم پیکج کی منظوری کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ پیکج 389 ارب روپے کے ایمرجنسی فنڈز سے متعارف کرایا جائے گا۔

آئی ایم ایف نے نقصانات کی تفصیلات جاننے کے لیے نیڈ بیسڈ اسیسمنٹ رپورٹ طلب کر لی ہے، جب کہ گورننس اور کرپشن سے متعلق ڈائیگناسٹک رپورٹ آج جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، سول بیوروکریسی (ملٹری و جوڈیشل افسران کے سوا) کے اثاثے عوام کے سامنے لانے کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔ابتدائی تخمینے کے مطابق خیبرپختونخوا کو 40 سے 50 ارب روپے اور سندھ کو 40 ارب روپے نقصان ہوا ہے۔ بلوچستان کو سیلاب سے کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا، جب کہ پنجاب سے مذاکرات آج شیڈول ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ مالی سال کے دوران جی ڈی پی گروتھ 4.2 فیصد سے کم رہنے کا خدشہ ہے۔