سپریم کورٹ نے جسٹس جہانگیری کی اپیل منظور کر لی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دے دیا

اسلام آباد(رم نیوز)سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے جس کے تحت جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روک دیا گیا تھا۔ عدالتِ عالیہ نے واضح کیا ہے کہ کسی جج کو عبوری حکم کے ذریعے عدالتی کام سے نہیں روکا جا سکتا۔

سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور درخواست گزار میاں داؤد نے بھی اس بات پر اتفاق کیا کہ جج کو عبوری آرڈر کے تحت معطل کرنا درست نہیں۔ جسٹس امین الدین خان نے میاں داؤد سے براہِ راست رائے لی، جس میں انہوں نے کہا کہ جج کو عبوری حکم سے معطل نہیں کیا جا سکتا۔سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ کووارنٹو درخواست کی سماعت میں پہلے اعتراضات کا فیصلہ کرے۔ عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے جسٹس جہانگیری کی اپیل منظور کر لی۔