راولپنڈی(رم نیوز)ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے دوران بھارت پاکستان کا ایک بھی جنگی طیارہ گرانے میں ناکام رہا، تمام بھارتی دعوے بے بنیاد ثابت ہوئے۔بلومبرگ کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج ہمیشہ مؤثر، قابل اعتماد اور مقامی سطح پر تیار کردہ ٹیکنالوجی پر انحصار کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرقی یا مغربی کسی بھی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے تیار ہے، لیکن وہ بھارت کے ساتھ اسلحہ کی دوڑ کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی حقائق چھپانے یا اعداد و شمار سے کھیلنے کی کوشش نہیں کی، اور معرکہ حق میں بھارت پاکستان کا کوئی بھی طیارہ گرانے میں کامیاب نہیں ہو ا۔انہوں نے بتایا کہ اس معرکے کے دوران پاکستانی ہتھیاروں خصوصاً چینی ساختہ پلیٹ فارمز نے بھرپور کارکردگی دکھائی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے J-10C جنگی طیاروں نے دشمن کے کئی طیارے، جن میں رافیل بھی شامل ہے، کامیابی سے تباہ کیے۔
بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ ایک ہفتہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی 7 بھارتی طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کی تھی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے اگست میں چینی ساختہ Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹر بھی اپنے ہتھیاروں کے ذخیرے میں شامل کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان امریکی ساختہ F-16 طیاروں کا استعمال بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مکمل طور پر محفوظ ہاتھوں میں ہے، اور افواجِ پاکستان ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔