پاک فوج کا موثر جواب، 19 افغان پوسٹوں پر قبضہ

کابل / اسلام آباد (رم نیوز)افغانستان کی جانب سے پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان بارڈر پر 19 پوسٹوں پر قبضہ کر لیا۔ کارروائی کے دوران منوجیا بٹالین ہیڈکوارٹر، غرنالی ہیڈکوارٹر، درانی کیمپ اور متعدد مورچے تباہ کر دیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز نے انگور اڈا، باجوڑ، کرم، دیر، چترال اور بارام چاہ کے علاقوں میں فائرنگ کی، جس کے جواب میں پاکستان نے رات گئے سے مؤثر جوابی کارروائی شروع کی۔

ذرائع کے مطابق حملوں کے دوران درجنوں افغان اہلکار اور خوارج ہلاک ہوئے جبکہ کئی نے ہتھیار ڈال دیے۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں قبضہ شدہ افغان پوسٹوں کی تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔

پاکستانی فورسز نے کارروائی میں فضائی و زمینی ہتھیاروں کا استعمال کیا اور 27 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔ درانی کیمپ 2، غرنالی ہیڈکوارٹر اور کھرچر فورٹ مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے، جو خوارج اور داعش کے ٹھکانے سمجھے جاتے تھے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی میں کئی ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں تباہ ہوئیں جبکہ پاک فوج نے ژوب سیکٹر میں اہم پوسٹ پر پاکستانی پرچم بھی لہرا دیا۔