پاک فوج کا موثر جواب، 200 سے زائد افغان طالبان و خارجی ہلاک ، 23 جوان شہید، 29 زخمی

راولپنڈی (رم نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قوم کے بہادر سپوتوں نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستان پر بلا اشتعال حملوں کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب افغان طالبان اور بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج نے پاک افغان سرحد پر بزدلانہ حملہ کیا، جس کے جواب میں پاک فوج نے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔

بیان میں کہا گیا کہ 200 سے زائد افغان طالبان اور خارجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے، پاک فوج کے 23 جوان شہید اور 29 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے 21 افغان پوزیشنز پر قبضہ کر لیا ہے۔ شہری آبادی کے تحفظ اور غیر ضروری نقصان سے بچنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے۔ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی کے دوران افغان طالبان اور خوارج کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے، جبکہ دشمن کی نقل و حرکت کو فضائی اور زمینی کارروائی سے مؤثر طور پر محدود کر دیا گیا۔