جڑواں شہروں میں تیسرے روز بھی سڑکیں بند، انٹرنیٹ اور موٹروے جزوی بحال

راولپنڈی (رم نیوز)اسلام آباد اور راولپنڈی میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث تیسرے روز بھی معمولاتِ زندگی متاثر رہے۔ متعدد شاہراہیں اور داخلی راستے تاحال بند ہیں، تاہم موبائل فون اور سیلولر انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے جبکہ لاہور تا اسلام آباد موٹروے (ایم 2) ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔

راولپنڈی کے رہائشی علاقوں کو جانے والے کئی اندرونی راستے کھول دیے گئے ہیں، مگر مری روڈ، فیض آباد، ایکسپریس وے اور آئی جے پی روڈ بدستور بند ہیں۔ رکاوٹوں کے باعث شہریوں کو آمد و رفت اور مریضوں کو اسپتالوں تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق لاہور سے اسلام آباد موٹروے کھولنے کے بعد ٹریفک معمول پر آ گئی ہے، جب کہ اسلام آباد ایکسپریس وے اور نائنتھ ایونیو تا ڈبل روڈ راستہ جزوی طور پر بحال کر دیا گیا۔احتجاج کے باعث میٹرو بس سروس تاحال تاحکمِ ثانی معطل ہے۔