وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا انتخاب: سہیل آفریدی سمیت تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور

پشاور (رم نیوز)خیبرپختونخوا میں وزارتِ اعلیٰ کے انتخاب کے لیے جمع کرائے گئے تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔ وزارتِ اعلیٰ کے منصب کے لیے چار امیدوار میدان میں ہیں جن کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے سہیل آفریدی، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا لطف الرحمان، پاکستان پیپلز پارٹی کے ارباب زرک اور مسلم لیگ (ن) کے سردار شاہجہان یوسف امیدوار ہیں۔

ذرائع کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ انتخاب سے قبل اسمبلی میں سیاسی جوڑ توڑ تیز ہو گیا ہے۔

قبل ازیں ڈاکٹر عباد اللہ نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لیے تھے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے وزارتِ اعلیٰ کے لیے مولانا لطف الرحمان کے نام پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ انتخاب آئین کے مطابق ہو گا اور وہ اپنا پالیسی بیان اسمبلی فلور پر پیش کریں گے، کسی قسم کی بیرونی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔