پشاور(رم نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کے معاملے پر گورنر خیبرپختونخوا کی دستیابی معلوم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کی سربراہی میں درخواست کی سماعت ہوئی، جس پر عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ وہ گورنر کی دستیابی سے متعلق عدالت کو 15 اکتوبر کو دوپہر ایک بجے تک آگاہ کریں۔
درخواست سپیکر صوبائی اسمبلی اور حکومتی ارکان کی جانب سے آرٹیکل 255 کے تحت دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ گورنر کی غیر دستیابی کے باعث حلف میں تاخیر ہو رہی ہے، لہٰذا سپیکر یا کسی اور شخصیت کو حلف لینے کے لیے نامزد کیا جائے۔
عدالت کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ حلف میں مزید تاخیر صوبے میں حکومتی عملداری کو متاثر کر سکتی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ گورنر پاکستان میں موجود ہیں اور 15 اکتوبر کو دستیاب ہوں گے، اس لیے متبادل انتظام کی ضرورت نہیں۔عدالت نے آئندہ سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے گورنر کی دستیابی سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ہے۔