پاکستان کا غزہ امن معاہدے میں اہم کردار، وزیراعظم کا وطن واپسی پر پالیسی بیان

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے شرم الشیخ میں منعقدہ غزہ امن کانفرنس میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر ایک پالیسی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی اولین ترجیح غزہ میں جاری نسل کشی کو رکوانا تھی، اور پاکستان نے برادر ممالک کے ساتھ مل کر مؤثر کردار ادا کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ غزہ امن سربراہی اجلاس میں پاکستان کا کردار تاریخی رہا، اور ہم نے فلسطینی عوام کی حمایت میں بھرپور آواز بلند کی۔

انہوں نے کہا ہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے غزہ میں ظلم رکوانے کے لیے اپنا وعدہ پورا کیا۔ پاکستان ان کی امن کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی آزادی، عزت اور خوشحالی کے لیے ہمیشہ کھڑا رہے گا، اور "1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، پاکستان کی مشرقِ وسطیٰ پالیسی کی بنیاد ہے اور ہمیشہ رہے گی۔وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ امن معاہدے پر عالمی رہنماؤں نے شرم الشیخ میں دستخط کیے، اور خطے میں ایک نئے دور کے آغاز کی امید کی جا رہی ہے۔