بھارتی فوجی قیادت کا جھوٹا پروپیگنڈا انتہائی تشویشناک ہے: آئی ایس پی آر

راولپنڈی (رم نیوز)پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز اور بے بنیاد بیانات کو شدید تشویش کا باعث قرار دیا ہے۔ترجمان کے مطابق بھارتی قیادت نے ایک بار پھر ریاستی انتخابات سے قبل جھوٹا پروپیگنڈا دہرانا شروع کیا ہے، جس کا مقصد سیاسی فوائد حاصل کرنا ہے۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ بھارتی فوج اور اس کی قیادت ’’معرکہِ حق‘‘ میں شکست کو تسلیم نہیں کر پا رہی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جوہری طاقت کی حامل فوجی قیادت کا سیاسی دباؤ میں غیرذمہ دارانہ بیانات دینا افسوسناک ہے، جبکہ بھارتی پریس ریلیز میں تضادات اس قدر نمایاں ہیں کہ وہ کسی سنجیدہ ردعمل کے قابل بھی نہیں۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت کا سرحد پار دہشت گردی سے تعلق اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا اب عالمی سطح پر تسلیم شدہ حقیقت بن چکی ہے۔