پاک فوج کی مؤثر کارروائی: سپن بولدک پر افغان حملے ناکام، 20 دہشتگرد ہلاک

چمن / سپن بولدک (رم نیوز)افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے چمن اور سپن بولدک پر کیے گئے حملے پاک فوج نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی میں ناکام بنا دیے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مختلف مقامات پر کی گئی حملہ آور کوششوں میں 15 سے 20 دہشتگرد ہلاک جبکہ کئی ٹھکانے تباہ کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق افغان عناصر نے عام دیہاتیوں کو ڈھال بنانے کی کوشش کی، جس کے باعث پاک فوج نے انتہائی احتیاط سے کارروائی کی۔ افغان شدت پسندوں نے دوستی گیٹ کو بھی نقصان پہنچایا، جس سے ان کی مخالفانہ نیت ظاہر ہوتی ہے۔اسی دوران کرم سیکٹر میں بھی افغان طالبان کے ایک اور حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔

چمن میں افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 بچوں سمیت 4 شہری زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جوابی کارروائی میں ویش منڈی اور سپن بولدک میں دہشتگردوں کے مزید ٹھکانے نشانہ بنائے گئے۔

کشیدگی کے باعث چمن میں تعلیمی ادارے بند اور پولیو مہم عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے، جبکہ سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔پاک فوج نے اپنی کارروائی کو دفاعی اور دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدام قرار دیا ہے۔