لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، پاکستان ماحولیاتی بحران کی لپیٹ میں

لاہور(رم نیوز)فضائی آلودگی کے عالمی انڈیکس میں پاکستان نے بدترین درجہ حاصل کرتے ہوئے دنیا کا آلودہ ترین ملک بننے کا افسوسناک اعزاز حاصل کر لیا ہے، جبکہ لاہور دنیا کا سب سے آلودہ شہر قرار پایا ہے۔ماحولیاتی نگرانی کے بین الاقوامی اداروں کے مطابق لاہور میں اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 304 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو انسانی صحت کے لیے نہایت خطرناک تصور کیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ سطح سانس کی بیماریوں، دمہ، دل کی تکالیف اور دیگر مہلک اثرات کا باعث بن سکتی ہے۔

اسی طرح بھارت کے دارالحکومت دہلی اور پاکستان کے صنعتی شہر فیصل آباد میں بھی فضائی معیار تشویشناک سطح پر پہنچ چکا ہے، جہاں AQI بالترتیب 221 تک جا پہنچا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ فصلوں کی باقیات جلانے، گاڑیوں کے دھویں اور صنعتی اخراج کے باعث فضائی آلودگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور آنے والے دنوں میں اس کے مزید بگڑنے کا اندیشہ ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر صبح اور شام کے وقت، اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔دوسری جانب، محکمہ تحفظ ماحولیات نے آلودگی کا سبب بننے والے ذرائع کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ لاہور اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کر دیا ہے۔