5 اکتوبر احتجاج کیس: عمران خان کی بہنوں علیمہ اور عظمیٰ کی عبوری ضمانت میں 24 اکتوبر تک توسیع

لاہور(رم نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے 5 اکتوبر احتجاج کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 24 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔سماعت اے ٹی سی لاہور کے ڈیوٹی جج نے کی، جہاں درخواست گزاروں کے وکیل رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ نے دونوں بہنوں کی حاضری سے معافی کی درخواست پیش کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ علیمہ اور عظمیٰ خان اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں دیگر مقدمات میں پیشی کے لیے موجود ہیں۔

عدالت نے حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے دونوں کی عبوری ضمانت میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی۔یاد رہے کہ 5 اکتوبر کے احتجاجی مظاہروں کے سلسلے میں درج مقدمات میں علیمہ اور عظمیٰ خان پر اشتعال انگیزی اور دیگر الزامات کے تحت تفتیش جاری ہے، جس کے تحت وہ عبوری ضمانت پر ہیں۔