اسلام آباد (رم نیوز )نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دوحہ میں رات گئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان طے پانے والا جنگ بندی معاہدہ صحیح سمت میں پہلا قدم ہے۔
اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اس معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے اور برادر ممالک قطر اور ترکیہ کے تعمیری کردار کو سراہتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری پیغام میں وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایک ٹھوس اور قابلِ تصدیق نگرانی کے نظام کے قیام کا منتظر ہے، جس پر مزید پیش رفت ترکیہ کی میزبانی میں ہونے والی اگلی میٹنگ میں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نگرانی کا مؤثر طریقہ کار ضروری ہے تاکہ افغان سرزمین سے پاکستان کی طرف دہشت گردی کے خطرے سے نمٹا جا سکے۔ اسحاق ڈار کے مطابق، مزید جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لانا ناگزیر ہے۔
واضح رہے کہ قطر کی میزبانی اور ترکیہ کی ثالثی میں دوحہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان 13 گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد جنگ بندی معاہدہ طے پایا، جسے خطے میں قیامِ امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔