وفاق اور پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہیں: مزمل اسلم

لاہور (رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مزمل اسلم نے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومتیں 2025 کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

اپنے بیان میں مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ سیلاب سے ملک بھر میں 40 لاکھ افراد بے گھر ہوئے، جبکہ مجموعی معاشی نقصان کا تخمینہ 822 ارب روپے لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 631 ارب روپے، خیبرپختونخوا میں 51 ارب روپے اور سندھ میں 32 ارب روپے کے نقصانات ہوئے۔ اس کے برعکس، خیبرپختونخوا حکومت نے زرعی نقصانات کے معاوضے ادا کر کے متاثرین کی بحالی میں عملی اقدامات کیے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق، حالیہ سیلاب نے ملک کے زرعی شعبے کو شدید نقصان پہنچایا۔ کپاس کی 30 سے 34 لاکھ گانٹھیں، گنے کی 13 سے 33 لاکھ ٹن اور چاول کی 6 سے 12 لاکھ ٹن تک پیداوار متاثر ہوئی، جس سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔

مزمل اسلم نے خبردار کیا کہ ان نقصانات کے باعث برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافہ متوقع ہے، جس سے ملکی جی ڈی پی میں تقریباً ایک فیصد کمی ہو سکتی ہے۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے فوری اور منظم اقدامات کریں، تاکہ معیشت پر پڑنے والے اثرات کو کم کیا جا سکے۔