کراچی (رم نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی نے بطور اتحادی وفاقی حکومت کو وعدوں کی تکمیل کے لیے ایک ماہ کی مہلت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت سی ای سی اجلاس بلاول ہاؤس کراچی میں ہوا، جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔۔اجلاس کے بعد سینیٹر شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے کوئی وزارت یا مراعات نہیں مانگیں، صرف حکومت سے کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا اور عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین، کسانوں کے مسائل اور گلگت بلتستان و آزاد کشمیر کے معاملات پر حکومت کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔