بند کمروں کے فیصلے عوام پر مسلط نہیں ہونے دیں گے: سہیل آفریدی

پشاور(رم نیوز)خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے فیصلے عوام کی مشاورت سے ہوں گے، بند کمروں میں کیے گئے فیصلے عوام پر مسلط نہیں ہونے دیے جائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری بیان میں وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے 25 اکتوبر کو ضلع خیبر، تحصیل باڑہ میں ایک عظیم الشان امن جرگہ بلایا جا رہا ہے، جس میں قبائلی عمائدین، سیاسی رہنما اور نوجوان شریک ہوں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اپنی زندگیوں اور مستقبل کے فیصلے خود کریں گے، حکومت عمران خان کے نظریے اور عوامی مفادات کے ساتھ کھڑی ہے۔ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ کے ناموں پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے، جس کا اعلان آئندہ دو روز میں متوقع ہے۔