شہباز شریف کا دیوالی پر پیغام، ہندو برادری کے کردار کو سراہا

اسلام آباد (رم نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں عقائد کا تنوع قوم کو مضبوط بنانے کا اصل ذریعہ ہے۔ ہندو برادری کا سماجی، اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں کردار پاکستان کی ترقی میں اہمیت رکھتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دیوالی کا تہوار روشنی کی فتح اور امید کی علامت ہے، اور ہمیں مل کر مثبت سوچ اور اتحاد کے ساتھ مستقبل کی جانب بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کے تصور کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ہر برادری کو مساوی حقوق اور مواقع ملنے چاہئیں۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور دعا کی کہ دیوالی کا تہوار امن، خوشحالی اور بھائی چارے کو فروغ دے۔