اسلام آباد(رم نیوز)اسلام آباد میں حکومت نے پاکستانی پاسپورٹ کے ڈیزائن میں جدت لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے پاسپورٹ میں صوبوں کی تاریخی اور اہم عمارات کی تصاویر اور جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے، جبکہ بیرونی کور کا رنگ وہی رہے گا اور اندرونی صفحات کا رنگ تبدیل کیا جائے گا۔
محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے وضاحت میں کہا ہے کہ نئے پاسپورٹس میں والد کے ساتھ والدہ کا نام بھی درج ہوگا اور ویزہ پیجز پر تاریخی عمارات کی تصاویر پرنٹ کی جائیں گی۔ محکمہ کے مطابق پاسپورٹ فیچرز میں تبدیلیاں جدید تقاضوں کے مطابق کی جا رہی ہیں، تاہم بنیادی ڈیزائن یا ساخت میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی۔ نئی بک لیٹس کی چھپائی پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے سپرد کر دی گئی ہے۔