سیریز برابر: جنوبی افریقہ نے پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دی

راولپنڈی (رم نیوز)راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے دی، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی۔ پاکستان کی بیٹنگ ناکامی کے باعث مہمان ٹیم کو جیت کے لیے صرف 68 رنز کا ہدف ملا جو جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

میچ کے چوتھے دن پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مفلوج رہی، جہاں بابر اعظم 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ محمد رضوان نے 18، سلمان علی آغا نے 28 اور ساجد خان نے 13 رنز بنائے۔ نعمان علی اور شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے سیمون ہارمر نے 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کیشو مہراج اور کگیسو ربادا نے بالترتیب 2 اور 1 وکٹ لی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے ایڈم مرکرم نے 42 رنز بنائے۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 333 رنز بنائے تھے جب کہ جنوبی افریقہ نے 404 رنز کا جواب دیا تھا۔