اسلام آباد (رم نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ علاقائی رابطہ اختیاری نہیں بلکہ خطے کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔ اسلام آباد میں ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع اسے خطے کا قدرتی مرکز بناتا ہے۔ اسحٰق ڈار نے چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور دیگر بین الاقوامی منصوبوں کو علاقائی تعاون کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جسمانی اور ڈیجیٹل رابطوں کو یکجا کر کے خطے میں تجارت اور روابط کو فروغ دے رہا ہے۔ کانفرنس میں مختلف ممالک کے وزرا اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے شریک ہیں۔