اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، او آئی سی اور عرب لیگ سمیت 17 ممالک و تنظیموں نے اسرائیلی کنیسٹ کی جانب سے مغربی کنارے کے غیرقانونی انضمام کے بل کی منظوری کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عالمی عدالت انصاف بھی فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی قبضے، آبادکاری اور انضمام کو غیرقانونی قرار دے چکی ہے۔
اسلامی ممالک نے عالمی عدالت انصاف کی غزہ میں امداد سے متعلق رائے کا خیرمقدم کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو یکطرفہ اقدامات سے روکے اور اپنی اخلاقی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرے۔بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ 1967 کی سرحدوں کے مطابق بیت المقدس کو دارالحکومت بنا کر ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہی خطے میں پائیدار امن و استحکام کا واحد راستہ ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے کو ضم کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا اور دنیا کو اس معاملے پر فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔