پشاور (رم نیوز)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بلاول بھٹو سے ملاقات میں کئی وعدوں پر عمل نہ کرنے کا اعتراف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان مجبوری کا رشتہ ہے اور دونوں جماعتوں کے کارکن ایک دوسرے کو برداشت کرنے کو تیار نہیں۔
گورنر نے مزید کہا کہ 18 ماہ ن لیگ کے ساتھ حکومت پیپلزپارٹی کے لیے بھاری تجربہ تھا، تاہم پارٹی اور ملک کا نقصان نہیں ہونے دیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) نے تحریری معاہدے کے کئی نکات پر وعدہ خلافی کی، جس پر پیپلزپارٹی نے ایک مہینے کی مہلت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو بڑے بھائی کا کردار ادا کرنا چاہیے اور سہیل آفریدی بانی سے ملاقات کریں گے تو کوئی آسمان نہیں گرے گا۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر عوام کے حقوق کے لیے آئینی اور قانونی راستہ اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر ہاؤس کبھی صوبے کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بنے گا، اور صوبائی حقوق کے لیے سیاسی اور قانونی راستے اپنانے چاہئیں، بدمعاشی سے حقوق حاصل نہیں کیے جا سکتے۔