حماس اور فلسطینی تنظیموں کا غزہ انتظام ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے سپرد کرنے پر اتفاق

قاہرہ (رم نیوز)حماس اور دیگر فلسطینی تنظیموں نے غزہ کی انتظامی ذمہ داریاں ایک ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے حوالے کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ قاہرہ میں ہونے والے بین الفصلی اجلاس کے بعد سامنے آیا۔حماس کے ترجمان کے مطابق یہ ملاقات قومی یکجہتی کی بحالی اور جامع قومی مکالمے کی تیاریوں کا حصہ تھی۔ اجلاس میں غزہ کی انسانی صورتحال، امدادی سامان کی ترسیل میں اسرائیلی رکاوٹوں اور جنگ بندی کے بعد بھی جاری بحران پر تفصیلی غور کیا گیا۔

دو ہفتے قبل طے پانے والی سیزفائر کے باوجود غزہ میں بھوک، پیاس اور طبی سہولتوں کی شدید قلت برقرار ہے۔ رفاہ بارڈر بند ہونے کے باعث ہزاروں زخمی اور بیمار فلسطینی علاج کے منتظر ہیں۔عالمی ادارۂ صحت سمیت 41 بین الاقوامی تنظیموں نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل دانستہ طور پر روک رہا ہے۔

دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکا اور دیگر ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو جنگ بندی معاہدے کی پاسداری پر مجبور کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ حماس معاہدے پر عمل کر رہی ہے، جبکہ اسرائیل خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے، جسے روکنے کے لیے عالمی دباؤ ناگزیر ہے۔