لاہور ایک بار پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، فضا میں زہریلے ذرات خطرناک سطح پر

لاہور (رم نیوز)پنجاب میں فضائی آلودگی کی سنگین لہر برقرار ہے، لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست آ گیا۔ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق لاہور کی فضا میں آلودگی کی سطح 363 ریکارڈ کی گئی، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک زمرے میں آتی ہے۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 232 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ پاکستان ہی کا شہر فیصل آباد 539 اے کیو آئی کے ساتھ انتہائی مضر صحت فضا کا حامل قرار پایا۔

محکمۂ ماحولیات اور ماہرینِ صحت نے شہریوں کو غیر ضروری بیرونی سرگرمیوں سے گریز، ماسک کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ آلودگی کی یہ صورتحال بوڑھوں، بچوں اور سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے خاص طور پر خطرناک ہو سکتی ہے۔