لاہور(رم نیوز)پنجاب کے مختلف شہر شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں آگئے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں سانس، ناک اور گلے کی بیماریوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے۔
ماحولیاتی اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 562، فیصل آباد میں 436، ملتان میں 344 اور بہاولپور میں 208 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لاہور میں اوسط AQI 388 تک پہنچ گیا، جس سے شہر آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آگیا۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی — راوی روڈ پر AQI 749، گلبرگ تھری میں 571، علامہ اقبال ٹاؤن میں 539، ٹاؤن شپ میں 500 اور سید مراتب علی روڈ پر 515 ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں لاہور کا موسم خشک رہے گا، بارش نہ ہونے کے باعث آلودگی کی شرح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے سموگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں، سموگ گنز کے استعمال، بھٹوں اور کارخانوں کی نگرانی سمیت دیگر اقدامات جاری ہیں۔