مظفرآباد(رم نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے اعلان کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل 27 اکتوبر کو بھارتی فوجی جارحیت کے خلاف یومِ سیاہ منائیں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں غلام محمد صفی نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوجیں اتار کر ریاست کے بڑے حصے پر ناجائز قبضہ کیا، جس کے خلاف کشمیری آج بھی سراپا احتجاج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یومِ سیاہ کے موقع پر مظفرآباد میں بڑی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جس میں اقوامِ متحدہ سے قراردادوں پر عملدرآمد اور بھارتی افواج کے مکمل انخلا کا مطالبہ کیا جائے گا۔
غلام محمد صفی نے مزید کہا کہ جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر سے اپنی فوجیں واپس نہیں بلاتا، کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی جاری رہے گی، اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل میں کردار ادا کرے۔