مظفرآباد (رم نیوز)آزاد جموں و کشمیر میں وزیراعظم انوارالحق کو ہٹانے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے حتمی فیصلہ کر لیا ہے اور ان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے ممکنہ متبادل کے طور پر چوہدری لطیف اکبر، چوہدری یاسین اور فیصل ممتاز راٹھور کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 53 ارکان میں سے ایک کے استعفیٰ کے بعد موجودہ تعداد 52 ہے۔ ان میں پیپلز پارٹی کے 17، مسلم لیگ (ن) کے 9، تحریک انصاف کے 4، جبکہ مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے پاس ایک ایک نشست ہے۔ پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے 20 ارکان میں سے 5 بیرسٹر گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے فارورڈ بلاک اور بیرسٹر گروپ سے رابطے تیز کر دیے ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) سے بھی مرکزی سطح پر بات چیت جاری ہے۔ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت، خصوصاً آصف علی زرداری، وزیراعظم کی تبدیلی پر رضامند ہیں اور نئی حکومت کے قیام کے لیے نمبر گیم کو حتمی شکل دینے کی کوششیں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اتحادی حکومت کے 4 وزراء پہلے ہی استعفیٰ دے چکے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) نے واضح کیا ہے کہ وہ اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔