کراچی (رم نیوز)محکمہ موسمیات پاکستان نے بحیرہ عرب میں بننے والے کم دباؤ کے باعث پانچویں ٹروپیکل سائیکلون واچ جاری کر دی ہے۔ ترجمان کے مطابق مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا دباؤ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران شمال مغرب کی سمت میں آگے بڑھا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ کم دباؤ کراچی کے جنوب، جنوب مشرق میں تقریباً 936 کلومیٹر کے فاصلے پر جبکہ ممبئی سے تقریباً 700 کلومیٹر دور واقع ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ نظام مزید منظم ہو کر شمال مغرب کی جانب بڑھ سکتا ہے، تاہم فی الحال پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ممکنہ تبدیلی کی صورت میں عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔