کوئٹہ(رم نیوز)بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں نے ڈپٹی کمشنر میجر (ریٹائرڈ) بشیر احمد بڑیچ کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا، جس میں 8 افراد زخمی ہو گئے۔تربت پولیس کے مطابق دھماکا تھانہ روڈ پر اس وقت ہوا جب ڈپٹی کمشنر اپنے سرکاری محافظوں کے ہمراہ دفتر جا رہے تھے۔
دھماکے میں ڈپٹی کمشنر محفوظ رہے۔ زخمیوں میں سات لیویز اہلکار اور ایک راہ گیر شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس نے بتایا کہ بم موٹرسائیکل پر نصب 15 کلو بارودی مواد کے ساتھ تھا۔ بلوچستان میں گزشتہ چند مہینوں میں انتظامی افسران پر حملوں اور اغوا کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔