استنبول (رم نیوز)استنبول میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان جاری مذاکرات کا تیسرا روز بھی بے نتیجہ رہا۔ ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے پاکستان کے پیش کردہ منطقی مطالبات پر حوصلہ افزا جواب نہیں دیا۔
پاکستانی وفد اپنے مؤقف پر قائم ہے، جسے میزبان ممالک نے بھی معقول اور امن کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔ تاہم افغان طالبان کا وفد کابل انتظامیہ کے احکامات کے تحت کام کر رہا ہے، جہاں سے کوئی واضح یا مثبت ہدایت نہیں مل رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابل میں بعض عناصر کسی اور ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، جس کے باعث مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہے۔ یاد رہے کہ پہلا دور دوحہ میں ہوا تھا جس میں سیز فائر پر اتفاق کیا گیا تھا، جبکہ استنبول میں جاری موجودہ دور میں عمل درآمد کے معاملات زیر بحث ہیں۔