کراچی (رم نیوز)کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جدید ’ای چالان‘ سسٹم کے آغاز کے بعد صرف چھ گھنٹوں میں شہریوں پر سوا کروڑ روپے سے زائد کے چالان عائد کر دیے گئے۔ٹریفک پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق، مجموعی طور پر 2,662 چالان جاری کیے گئے جن میں سب سے زیادہ یعنی 1,535 چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے۔
ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے پر 507، ریڈ لائٹ توڑنے پر 166، اور اوور اسپیڈنگ پر 419 چالان درج ہوئے۔ٹریفک پولیس کے مطابق ای چالان سسٹم جدید کیمروں کے ذریعے خودکار طور پر کام کر رہا ہے، جس سے انسانی مداخلت اور رشوت کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ نہ صرف جرمانوں سے بچا جا سکے بلکہ حادثات کی شرح میں بھی کمی آئے۔