کراچی (رم نیوز)پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے سٹیٹ بینک کے اشتراک سے کیش لیس ماڈل متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت تمام ایئرپورٹس پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام نافذ کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق، سٹیٹ بینک سے منظور شدہ ڈیجیٹل سروس فراہم کنندگان ایئرپورٹس پر اپنی خدمات پیش کریں گے، جبکہ کاروباری اداروں کو اسٹیٹ بینک کے لائسنس یافتہ نظام اپنانا لازم ہوگا۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق، جو کاروبار ڈیجیٹل ادائیگی ماڈل نہیں اپنائیں گے، وہ جرمانے کے مستحق ہوں گے۔ مسافروں کے لیے نقد ادائیگی کا آپشن برقرار رہے گا، تاہم ڈیجیٹل لین دین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔پہلے مرحلے میں یہ نظام کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر نافذ کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں اسے فیصل آباد، ملتان اور سیالکوٹ تک توسیع دی جائے گی۔
یہ اقدام حکومت کے اس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت پاکستان کو کیش لیس معیشت کی طرف منتقل کر کے شفافیت، وقت کی بچت اور سہولت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔