اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری اور سری لنکن وزیر بمل نیروشن رتنا نائیک کے درمیان ملاقات میں سمندری معیشت اور میرین ٹورازم میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں جنید انوار چوہدری نے میرین ٹورازم میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ سمندری معیشت دنیا بھر میں ساڑھے چھ ملین روزگار فراہم کر رہی ہے، جبکہ اس کی سالانہ شرحِ نمو ساڑھے تین فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان گوادر اور کراچی میں میرین ٹورازم کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔سری لنکن وزیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون دونوں ممالک کے سیاحتی اور معاشی روابط کو مضبوط بنائے گا۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پائیدار ساحلی ترقی روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی اور سمندری شعبے میں شراکت داری علاقائی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔