آزاد کشمیر: حکومت کی تبدیلی فیصلہ کن مرحلے میں، بلاول بھٹو آج نئے وزیراعظم کا اعلان کریں گے

مظفر آباد(رم نیوز)آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی کے لیے صف بندی مکمل ہو گئی ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے اور قانون ساز اسمبلی میں عددی برتری حاصل کرنے کے قریب ہے۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد تیار کر لی گئی ہے، جس میں مسلم لیگ ن کی حمایت بھی شامل ہے، تاہم ن لیگ حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔ وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ن لیگ صرف تحریک کی حمایت کرے گی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مقصد سیاسی استحکام اور جمہوری عمل کو مضبوط بنانا ہے اور یہ تبدیلی ذاتی نہیں بلکہ نظام کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے۔قانون ساز اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 17، مسلم لیگ نون کے پاس 9 نشستیں ہیں۔ ن لیگ کی حمایت سے پیپلز پارٹی کے ووٹ 26 تک پہنچ جائیں گے، جبکہ تحریک انصاف، مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے ارکان بھی اس عمل میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مطلوبہ دستخط جمع کر لیے گئے ہیں اور تحریک کسی بھی وقت اسمبلی میں پیش کی جا سکتی ہے۔ نئے وزیراعظم کا اعلان آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔