رواں سال کا سب سے طاقتور طوفان "ملیسا" کیریبین جزائر میں اثر انداز، ہیٹی میں 3 ہلاکتیں

جمیکا(رم نیوز)رواں سال کے سب سے شدید طوفان ملیسا نے کیریبین جزائر پر اثر ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ کیٹگری 5 کے اس طوفان کے باعث ہیٹی میں طوفانی بارشوں سے 3 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ جنوبی علاقوں میں پروازیں معطل کر دی گئیں اور 3 ہزار سے زائد افراد کو پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار 280 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ چکی ہے اور طوفان آج جمیکا سے ٹکرانے کا امکان رکھتا ہے۔جمیکا حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اونچے مقامات اور محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہوں، جبکہ وزیراعظم نے طوفان سے بڑے پیمانے پر تباہی کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

طوفان ملیسا کے جمیکا سے ٹکرانے کے بعد مشرق کیوبا اور بہاماس کی جانب بڑھنے کا امکان ہے، جس سے ان علاقوں میں بھی شدید احتیاط کی ضرورت ہے۔