سیلاب سے پاکستانی معیشت متاثر، مہنگائی میں اضافے کا خدشہ:عالمی بینک

اسلام آباد(رم نیوز)عالمی بینک نے اپنی پاکستان ڈویلپمنٹ رپورٹ 2025 میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حالیہ سیلاب نے پاکستانی معیشت کو بھاری نقصان پہنچایا ہے اور اس کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی بڑھنے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 7.2 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ مالی سال میں یہ شرح 6.8 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ پاکستان کی معاشی پیداوار سال 2025 میں 3 فیصد رہی، جس میں صنعت اور خدمات کے شعبے میں ترقی دیکھی گئی جبکہ زرعی شعبہ دباؤ کا شکار رہا۔

عالمی بینک نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ صرف ٹیرف اصلاحات سے ممکن نہیں، حکومت کو ترسیلات زر بڑھانے اور نیشنل ٹیرف پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی ٹیکس دہندگان کا دائرہ بڑھانا، سرکاری اداروں میں اصلاحات اور نجکاری کا عمل جاری رکھنا بھی ضروری ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 16 لاکھ نوجوان روزگار کے لیے مارکیٹ میں داخل ہو رہے ہیں اور رواں مالی سال غربت کی شرح 21.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ عالمی بینک نے تجویز دی ہے کہ معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول کو بہتر بنا کر مہنگائی اور غربت کم کی جا سکتی ہے۔