استنبول (رم نیوز) ترکیہ کی درخواست پر پاکستان نے افغان طالبان سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔ پاکستانی وفد مذاکرات کی ناکامی کے بعد وطن واپسی والا تھا، تاہم میزبان ملک کی اپیل پر استنبول میں قیام بڑھا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بات چیت کا محور پاکستان کا مطالبہ ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو اور دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔ افغان حکام کے سفارتی رابطوں کے بعد مذاکرات بحال ہو رہے ہیں، جبکہ ترکیہ چاہتا ہے کہ اس کی میزبانی میں ہونے والے یہ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں۔