پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، خارجی کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (رم نیوز)باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے راستے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خارجی کمانڈر سمیت چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ خارجی امجد بھی شامل ہے جو نور ولی کا نائب اور بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کی رہبری شوریٰ کا سربراہ تھا۔ حکومت نے اس پر 50 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ خارجی کمانڈر افغانستان میں رہتے ہوئے پاکستان کے اندر متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا۔ انہوں نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور علاقے میں موجود دیگر بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔