راولپنڈی (رم نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے امن چاہتا ہے تاہم افغان سرزمین سے دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال، سرحدی امن اور انسدادِ دہشت گردی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے قبائلی عمائدین کے جرگے سے ملاقات کی، جس میں قبائل نے دہشت گردی کے خلاف فوج سے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افغان طالبان کے رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبان بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر کسی بھی بیرونی دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گا اور خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔