وزیراعظم کا طلبہ کو مصنوعی ذہانت کی تربیت کے لیے سعودی عرب بھجوانے کا اعلان

اسلام آباد (رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی طلبہ کو مصنوعی ذہانت (AI) کی تربیت کے لیے سعودی عرب بھجوایا جائے گا۔اسلام آباد میں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہونہار طلبہ قوم کا فخر ہیں، حکومت ان کی فنی تربیت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ لیپ ٹاپس سو فیصد میرٹ پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب مصنوعی ذہانت میں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے اور اس نے پاکستانی طلبہ کو مفت تربیت دینے کی پیشکش کی ہے۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ ہزاروں طلبہ کو جدید تربیت کے لیے سعودی عرب بھجوایا جائے گا تاکہ وہ ملک کی ترقی میں کردار ادا کر سکیں۔