استنبول (رم نیوز)استنبول میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات میں دونوں ممالک نے جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق کر لیا۔ مذاکرات میں تعطل کے بعد ترکیہ اور قطر کی مداخلت سے بات چیت دوبارہ شروع ہوئی۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق، جنگ بندی کی نگرانی کے لیے ’مانیٹرنگ و توثیقی نظام‘ قائم کیا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ 6 نومبر کو استنبول میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں جنگ بندی کے نفاذ کے طریقہ کار پر مزید غور کیا جائے گا۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستان کے ساتھ مثبت تعلقات کی خواہش ظاہر کی، جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے مذاکرات میں "امید کی کرن" نظر آنے کی بات کہی۔