پنجاب کے وسطی علاقوں میں فضائی آلودگی شدید

لاہور(رم نیوز)پنجاب کے وسطی علاقے آج بھی فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں متعدد اضلاع میں ہوا کا معیار انتہائی مضر صحت قرار دیا گیا ہے۔ صبح کے ریکارڈ کے مطابق قادرپور (ملتان) میں ایئر کوالٹی انڈیکس 719 پرٹیکولیٹ میٹر، قصور 668، فیصل آباد 562، گوجرانوالہ 550، اور لاہور و شیخوپورہ 480 ریکارڈ کیا گیا۔

اسموگ نگرانی کے مطابق بھارت کے ہریانہ، لدھیانہ، پٹیالہ اور جالندھر سے آلودہ ہوائیں صوبے میں داخل ہو رہی ہیں، جو لاہور، فیصل آباد، قصور اور گوجرانوالہ کے فضائی معیار پر اثر ڈال رہی ہیں۔ صوبے کے 12 محکمے مشترکہ ایکشن پلان کے تحت کھیتوں میں باقیات جلانے، فیکٹریوں اور بھٹوں کی نگرانی کر رہے ہیں، اب تک 10 ہزار سے زائد افراد کو نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں اور 190 سے زائد فیکٹریوں و بھٹوں پر جرمانہ یا سیل کی کارروائی کی گئی ہے۔