پنجاب اسمبلی نے مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ دینے کے لیے وفاق کو قرارداد بھیج دی

لاہور(رم نیوز)پنجاب اسمبلی نے متفقہ طور پر مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ دینے کے لیے وفاق کو قرارداد ارسال کر دی ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئین میں نیا باب شامل کیا جائے جس میں مقامی حکومتوں کی مدت، ذمہ داریوں اور انتخابات کی وضاحت ہو، اور انتخابات 90 دن کے اندر کرائے جائیں۔

قرارداد میں منتخب نمائندوں کو 21 دن میں اجلاس منعقد کرنے کی پابندی، بااختیار و باوسائل بلدیاتی نظام کے قیام، بروقت بلدیاتی انتخابات اور مؤثر سروس ڈیلیوری کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی نے آرٹیکل 140-A میں فوری ترمیم کی درخواست بھی کی ہے اور سپریم کورٹ کی سفارشات اور عالمی مثالوں کا حوالہ دیا ہے کہ مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ دینا ناگزیر ہے۔