لاہور(رم نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں سات روز کی توسیع کر دی ہے، جو اب 8 نومبر 2025 تک نافذ العمل رہے گی۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، صوبے میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، دھرنے، ریلیاں اور عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔ دفعہ 144 کے تحت چار یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر بھی مکمل پابندی عائد ہو گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں اسلحہ کی نمائش اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ البتہ اذان اور جمعے کے خطبے کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت ہو گی۔ اسی طرح اشتعال انگیز، نفرت آمیز اور فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت یا تقسیم بھی مکمل طور پر ممنوع قرار دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق، دفعہ 144 میں توسیع کا فیصلہ امن و امان کے قیام، عوامی جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی خطرے سے نمٹنے کے لیے کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازوں، تدفین اور سرکاری فرائض انجام دینے والے افسران و اہلکاروں پر نہیں ہوگا۔
محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی خطرات کے باعث عوامی اجتماعات دہشت گردوں کے لیے نرم ہدف ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ شرپسند عناصر احتجاجی سرگرمیوں کو ریاست مخالف مقاصد کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
اعلامیے میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ سے متعلق عوامی آگاہی مہم کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے۔