لاہور(رم نیوز)بھارت کی جانب سے آنے والی ہواؤں اور ماحولیاتی آلودگی کے باعث لاہور کی فضا انتہائی مضرِ صحت ہو گئی ہے، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) خطرناک سطح 275 تک پہنچ گیا ہے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق، لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح انتہائی بلند ریکارڈ کی گئی ہے۔ سول سیکرٹریٹ میں AQI 449 جبکہ اقبال ٹاؤن میں 441 تک پہنچ گیا۔ شدید سموگ کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور دیگر صحت کے مسائل کا سامنا ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضا کی صورتحال تشویشناک ہے۔ فیصل آباد میں AQI 377، گوجرانوالہ میں 220 اور ملتان میں 270 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے کے نتیجے میں اٹھنے والا دھواں ہوا کے رخ کے ساتھ پاکستان میں داخل ہو رہا ہے، جس سے فضائی معیار میں خطرناک حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور گھروں کے اندر رہنے کو ترجیح دیں تاکہ صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔