نائیجیریا میں امریکی زمینی یا فضائی حملے ممکن: صدر ٹرمپ کی دوبارہ دھمکی

واشنگٹن (رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ نائیجیریا میں مسیحیوں کے بڑے پیمانے پر قتل و غارت کے تناظر میں امریکہ زمینی فوج یا فضائی حملے کر سکتا ہے۔طیارے میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اگر نائیجیریا کی حکومت مذہبی قتل وغارت روکنے میں ناکام رہی تو امریکہ امداد بند کر دے گا اور محکمہ جنگ کو وہاں کارروائی کے لیے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔ صدر نے اس سے قبل بھی اسی نوعیت کی دھمکی دی تھی کہ امریکا طاقت کے ذریعے دہشت گردی ختم کر سکتا ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ فی الحال یوکرین کو ٹوماہاک میزائل دینے پر غور نہیں کر رہا، اور حماس کی جانب سے تین یرغمالیوں کی لاشیں واپس کرنے پر اظہارِ خوشی کیا۔ انہوں نے عالمی تجارتی پالیسیاں، چین کے خلاف سابقہ استحصال اور ٹیرف کے ذریعے مظبوط قومی سلامتی کے حصول پر بھی بات کی، اور دعویٰ کیا کہ ان کی قیادت میں دنیا بھر میں جنگیں کم ہوئیں۔