بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کررہا ہے، اس بار جواب شدید ہوگا: ترجمان پاک فوج

راولپنڈی (رم نیوز)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کررہا ہے، تاہم بھارت کو واضح پیغام ہے کہ اس بار جواب پہلے سے زیادہ شدید ہوگا۔راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ حالیہ پاک افغان جھڑپوں میں 206 افغان طالبان اور 112 خوارج مارے گئے، جن میں 128 افغان باشندے شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہو۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مزید کہا کہ دہشت گردوں سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی، افغانستان سے منشیات کی سمگلنگ بڑے پیمانے پر ہورہی ہے جبکہ منشیات فروش افغان سیاست میں مداخلت کررہے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان نے امریکہ کو اپنی سرزمین سے افغانستان پر حملوں کی اجازت نہیں دی، اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں محض افغان پروپیگنڈا ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں امن فوج بھیجنے کا فیصلہ حکومت اور پارلیمنٹ کریں گے، فوج سیاست میں ملوث نہیں ہونا چاہتی اور اسے سیاست سے دور رکھا جائے۔